کابل: طالبان کے امیر ملا ہبت اللہ اخوندزادہ نے اپنے ایک تحریری بیان میں سینیئر کمانڈرز کو خبردار کیا ہے کہ تحریک کو دراندازوں سے خطرہ درپیش ہے اس لیے تنظیم کو ایسے لوگوں سے پاک کیا جائے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے روحانی پیشوا اور سپریم کمانڈر ملا ہبت اللہ نے ایک تحریری پیغام جاری کیا ہے جس میں انھوں نے تحریک کے سینیئر کمانڈرز کو خبردار کیا ہے کہ تنظیم کو دراندازوں سے خطرہ ہے۔
امیر طالبان نے سینیئر کمانڈرز کو چوکنا رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی صفوں میں موجود حکومت مخالف کام کرنے والوں کو شناخت کرکے اپنی صفوں کو صاف کریں اور بہت احتیاط برتیں۔
امیر طالبان ملا ہبت اللہ نے یونٹ کمانڈرز کو اپنے ماتحت ریکروٹس کے ساتھ بیٹھنے اور کچھ وقت بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کچھ بھی غلط یا کوتاہی ہوئی تو دنیا اور آخرت میں اس کی تمام ذمہ داری سینئرز کمانڈرز پر ہوگی۔
طالبان کے افغانستان میں کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے یہ امیر ملا ہبت اللہ کا پہلا تحریری بیان ہے جو منظر عام پر آیا ہے جب کہ اس سے قبل ایک آڈیو بھی جاری کی گئی تھی تاہم ابھی تک امیر طالبان کی تصویر یا ویڈیو سامنے نہیں آئی ہے۔