عراقی وزیراعظم کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی ناکام کوشش 

بغداد:عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کی سرکاری رہائش گاہ کو  ڈرون حملے کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ اس  میں محفوظ رہے۔

عراقی فوج  کے جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے میڈیا دفتر  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دارالحکومت کے وسط میں  واقع انتہائی قلعہ بندگرین زون میں اتوار کو صبح کے وقت ایک نامعلوم ڈرون بم نے الکاظمی کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا  تاہم وزیراعظم اس حملے میں محفوظ رہے۔

میڈیا دفتر نے کہا  ہے کہ وزیر اعظم کو کسی قسم کا  کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ان کی صحت اچھی  ہے۔

بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ عراقی سکیورٹی فورسز  اس قاتلانہ حملے کی کو شش  کے حوالے سے  تمام ضروری اقدامات اٹھا  رہی ہیں۔

حملے کے کچھ دیر بعد ہی  الکاظمی نے ٹویٹر پر کہا کہ وہ ٹھیک ہیں اور انہوں نے  سب کو عراق کی خاطر  پرسکون  رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔

 کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔