بنگلادیش کے سابق چیف جسٹس کو 11سال قید کی سزا

بنگلادیش کے سابق چیف جسٹس کو منی لانڈرنگ اور اعتماد توڑنےکےکیس میں 11 سال قیدکی سزا سنادی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی عدالت نے سابق چیف جسٹس سریندرکمار سنہا کو  ان کی غیر موجودگی میں سزاسنائی، سریندرکماران دنوں شمالی امریکا میں مقیم ہیں۔

پراسیکیوٹر کے مطابق سنہا کو منی لانڈرنگ پر 7 سال اور اعتماد توڑنے پر 4 سال جیل میں رہنا ہوگا۔

اپوزیشن گروپ اور اتحادیوں نے سابق چیف جسٹس کے خلاف کیس کو سیاسی قرار دیا ہے، سریندر کمارنے 2017  میں ایک کیس میں فیصلہ دیا تھا کہ پارلیمنٹ ججوں کو برطرف نہیں کرسکتی۔

اس تاریخی فیصلے کے بعد وہ ملک چھوڑ کر شمالی امریکا منتقل ہوگئے تھے، سریندر کمارنے اپنی کتاب میں اعتراف کیا تھا کہ انھیں استعفیٰ دینے اور ملک چھوڑنے  پر مجبور کیا گیا۔

سریندرکمار سنہا بنگلادیش کے پہلے ہندو چیف جسٹس تھے۔