اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس کا اہم ثبوت سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی، جس میں نور مقدم کی ملزم ظاہر ذاکر جعفر کے گھر داخل ہونے اور جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے کی خوفناک ویڈیو سامنے آگئ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ویڈیو میں نور مقدم کو دو دفعہ ملزم کے گھر سے فرارکی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 18 جولائی رات 10 بج کر 19 منٹ پر نور مقدم ظاہر ذاکر جعفر کے گھر داخل ہوتی ہے۔
19 جولائی کی صبح 2 بج کر 39 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم سامان لے کر گھر سے باہر نکلتے ہیں۔
19 جولائی کو ہی صبح 2 بج کر 41 منٹ پر نور مقدم پاوں ننگے گھر سے باہر بھاگتی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چوکیدار نور مقدم کو باہر نہیں جانے دیتا، نور مقدم ظاہر جعفر سے معافیاں مانگ رہی ہوتی ہے۔
19 جولائی کو ہی ظاہر جعفر اور نور مقدم 2 بج کر 46 منٹ پر گاڑی میں بیٹھ کر باہر جاتے ہیں۔
19 جولائی کو 2 بج کر 51 منٹ پر دونوں سامان سمیت گھر واپس آجاتے ہیں۔
20 جولائی کو شام 7 بج کر 11 منٹ پر نور مقدم جان بچانے کے لیے کھڑکی سے چھلانگ لگاتی ہے جب کہ گھر کے دوسری طرف سے ظاہر جعفر کو بھی چھلانگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
نور مقدم باہر جانے کی کوشش کرتی ہے لیکن مالی اسے باہر نہیں جانے دیتا جب کہ چوکیدار بیسمنٹ میں چلا جاتا ہے اور ملزم ظاہر جعفر نور مقدم کو گھسیٹے ہوئےگھر کے اندر لے جاتا ہے۔