سوات:سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے لالکو کے مقام پر نجی سکول بس بریک فیل ہونے کے باعث پہاڑی سے ٹکراگئی۔حادثے میں 3بچے جاں بحق اور34افرادزخمی ہوگئے۔
مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو مٹہ،خوازہ خیلہ اور سیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا۔
ایس ایچ او تھانہ کالاکوٹ طارق خان کے مطابق خیبر پبلک سکول خوازہ خیلہ کے طلباء پرانی ماڈل کی بس میں سیروتفریح کے لئے گبین جبہ گئے تھے،واپسی پر لالکو کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور وزی گل سے گاڑی بے قابو ہوکر پہاڑی سے ٹکراگئی جس سے بس کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا۔
حادثہ کے نتیجے میں تین طلباء بلال انورولد سید انور سکنہ چالیا ر،بلال اقبال ولد اقبال حسین سکنہ خوازہ خیلہ اور سید وصی شاہ سکنہ شاہی روان باچا سکنہ فرحت آبادجاں بحق ہوگئے جن کی عمریں چودہ اور پندرہ سال تک بتائی جاتی ہیں جبکہ ڈرائیور اوراساتذہ سمیت 34افراد زخمی ہوگئے جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
سوات میں نجی سکول کے طلباء کو حادثہ پرانی اور کھٹارا بس کے استعمال کے باعث پیش آیا۔والدین نے ان بسوں کے استعمال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور اس حادثہ کی انکوائر ی کرکے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں فضل نعمان ولد فضل رحمان،صاحب شاہ ولد شاہ رام ساکنان کوٹنئی،فضل احمد ولد باچاحسین ساکن چالیار،منظور احمد ولد نامعلوم ساکن نامعلوم،حمید علی شاہ ولد محمد علی شاہ ساکن عالم گنج،اظہار ولد لیاقت علی ساکن چالیار،وسیم ولد فضل وھاب ساکن لنگر،جنید ولد نواب علی ساکن ٹیٹابٹ،گلشن ولد گل بشر ساکن کوزکلے منظور احمد ولد رشید احمد ساکن قلعہ،منظور احمد ولد نظیر احمد ساکن فقیرا،ثاقب ولد اشرف علی ساکن لنگر،زوہیب ولد شمس الحق ساکن چالیار،نادرشاہ ولد احمد شاہ سکنہ فرحت آباد،سید ولد مدثر شاہ سکنہ فرحت آباد،منظورعالم ولد سرحد باچا سکنہ چالیار،پیرس ولد محمد شیر سکنہ لنگر،شاہ فہد ولد عزیزالرحیم سکنہ براسالہ،عبدالرحمان ولد محمد حیات سکنہ لنگر،سدیس ولدعزت شیر سکنہ چالیار،جبران شاہ ولد عدل باچا سکنہ کوزکلے،جواد خان ولد خورشید احمد سکنہ خوازہ خیلہ،ڈرائیورروزی گل ولد خوشحال سکنہ شاہ پور حال خوازہ خیلہ،وسیم ولد فضل وہاب سکنہ لنگر شامل ہیں۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوات کے علاقہ بر لالکو میں نجی سکول بس کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والے طلبہ کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے مقامی ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔