افغانستان، مسافر بس میں دھماکہ،6افراد جاں بحق، 7زخمی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت  کابل میں مسافر بس زوردار دھماکے میں تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ 

 غیر ملکی میڈیا  کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے دشت برچی میں ایک منی بس میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 6 مسافر ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

 ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

 تاہم طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے داعش خراسان نے نماز جمعہ کے دوران دو مختلف واقعات میں امام بارگاہوں میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں 125 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

 طالبان کے مقامی کمانڈر نے غیرملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مسافر بس میں میگنیٹک بم کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔ جس علاقے میں بس دھماکا ہوا وہاں اکثریت شیعہ آبادی کی ہے۔

 دوسری جانب طالبان حکومت کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ منی بس دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔