اسکول وین کو ٹرین کی ٹکر، 3 طالبات جاں بحق 9 زخمی

پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں  ٹرین کی اسکول وین کو ٹکر سے 3 طالبات جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق شورکوٹ سے لاہور آنے والی راوی ایکسپریس ٹرین کی شیخوپورہ کے قریب پھاٹک پر اسکول وین کو ٹکر کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق واقعہ کے بعد ٹرین کو روک لیا گیا ہے جب کہ ریلوے حکام نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ڈویژنل افسران کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کے علاقے سریانوالہ جیتہ باڑیاں روڈ پر بغیر پھاٹک کے ریلوے کراسنک سے اسکول وین گزر رہی تھی جو ریلوے ٹریک پر پھنس گئی، اس دوران دوسری طرف سے آنے والی راوی ایکسپریس اسکول وین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو طالبات موقع پر جاں بحق  جب کہ دیگر زخمی ہوگئیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور 9 طالبات کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی طالبہ دم توڑ گئی ۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثہ واربرٹن اور شیخوپورہ اسٹیشن کے درمیان پیش آیا، حادثے والی جگہ پرکوئی پھاٹک نہیں تھا اور ضلعی انتظامیہ نےعارضی کراسنگ بنا رکھی تھی جب کہ ضلعی انتظامیہ کا اہلکار ریلوے کراسنگ پر تعینات نہیں تھا۔

ریلوے حکام کا کہنا تھاکہ اس روٹ پر 2 سال بعد ٹرین سروس بحال ہوئی ہے۔

حادثے  کے بعد اسکول وین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جب کہ اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کو روک دیا۔