مصر میں سیلاب کے بعد بچھوؤں کی بہتات، 500افراد کو کاٹ لیا

قاہرہ:مصر میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی۔ شدید طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے بچھوؤں کو رہائشی علاقوں تک پہنچا دیا۔ جن کے کاٹنے سے 500 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

عرب ٹی وی کے مطابق واقعہ دریائے نیل کے پاس جمعہ کو شدید بارشوں کا کے بعد پیش آیا۔ جب گرد چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے لگیں اور سیلابی ریلوں نے بچھوں کو ان کے بلوں سے نکال کر دوردراز علاقوں تک پہنچادیا۔

رپورٹ کے مطابق طبی مراکز میں بچھو زہر کا تریاق یعنی اینٹی وینم کی بڑی خوراکیں پہنچائی گئی ہیں۔ جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ بیابان، سبزے اور درختوں کے قریب نہ جائیں اور گھروں تک محدود رہیں۔

حکام کے مطابق شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں تین افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ مصر میں موٹی دم والا بچھو عام پایا جاتا ہے جو انتہائی مہلک زہر رکھتا ہے۔

 بچھو کے کاٹنے کی صورت میں شدید جلن، جسم میں درد، چکر اور سانس میں دقت جیسی علامات پیدا ہوتی ہیں اور بروقت طبی امداد نہ ملنے پر موت واقع بھی ہوسکتی ہے۔

مصر میں کسی بھی علامت سے قبل ہی بچھوکے ڈنک کے شکار لوگوں کو اینٹی وینم ویکسین لگائی جارہی ہے۔