70 سالہ لوہار نسیم الدین نے ایک منٹ میں ایک ہاتھ سے 18 سیب توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کر وادیا۔
انہوں نے ایک ہاتھ کی مٹھی سے سیب توڑنے کے مقابلے میں انگلینڈ کو شکست دی دیتے ہوئے 13 کے مقابلے میں 18 سیب توڑ ڈالے۔
70 سال کی عمر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والے پاکستان کی تاریخ کے معمر ترین ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے نسیم الدین جو پینتالیس سال ویلڈنگ کے کام سے وابستہ ہیں اور لوہے کے گیٹ اور کھڑکیاں دروازے بنانے کا کام کرتے ہیں، 70 سال کی عمر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کر وا کر تاریخ رقم کر دی ہے اور انگلینڈ کے ڈونی بیکسٹر کے ایک منٹ میں 13 سیب توڑنے کے ریکارڈ کو 18 سیب توڑ کر اپنے نام کر لیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ریکارڈ منظور کر لیا اور تصدیقی ای۔ میل بھی موصول ہوگئی ہے جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ریکارڈ کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری کردی ہیں۔
گینز ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ کے حوالے سے پوری دنیا میں خصوصی طور پر ورلڈ ریکارڈ توڑنے کا سلسلہ جاری رہا اور اس موقع پر کراچی سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ لوہار نسیم الدین کو بھی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔
نسیم الدین کا ریکارڈ بنانے کے بعد یہ کہنا تھا ساری زندگی لوہے کے ساتھ کام کیا ہے اس لیے ہاتھ بھی لوہے کا ہی ہو گیا ہے، خواہش تھی کے میں پاکستان کا نام روشن کروں اور اللّٰہ کا شکر ہے کہ اس میں کامیابی ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ریکارڈ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نام کرتا ہوں جنہوں نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دی۔
نسیم الدین پاکستان کے لیے مارشل آرٹس اور 73 عالمی ریکارڈ بنانے والے محمد راشد نسیم کے والد ہیں جبکہ ان کی پوتی بھی صرف 7 سال کی عمر میں ورلڈ ریکارڈ بنا چکی ہیں۔