لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ڈاکو ایک گھر سے 3 کروڑ روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق 5 ڈاکو جوہر ٹاؤن میں ڈاکٹر نسیم محمود چوہدری کے گھر میں داخل ہوئے اور گھر والوں کو یرغمال بنا کر ان پر تشدد کر کے تین کروڑ روپے مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ گھر والوں کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق ڈاکو ایک کروڑ روپے نقدی، 160 تولے سونا، ہیرے اور قیمتی گھڑیاں لیکر فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نسیم محمود چوہدری نے گھر میں کلینک بنا رکھا ہے، ڈاکو پہلے کلینک میں داخل ہوئے اور ملازم کو یرغمال بنا کر گھر میں گھس گئے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ڈاکو جاتے ہوئے ملازم کی موٹر سائیکل بھی ساتھ لے گئے، واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔