پاکستان اورعالمی مالیاتی ادارے کے درمیان اسٹاف لیول پر قرض کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف مابین اسٹاف لیول معاہدے کے تحت قرض پروگرام کی بحالی پاکستان کی جانب سے پیشگی اقدامات سے مشروط ہوگی،جبکہ پاکستان کیلئے ایک ارب 5کروڑ 90 لاکھ ڈالر قرض جاری کرنے کی سفارش کردی گئی۔
آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان چھٹا جائزہ مشن مکمل ہوگیا، معاہدے کے تحت پاکستان کیلئے1 ارب 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر قرض جاری کرنے کی سفارش کردی گئی،پاکستان کو اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔
اسٹاف لیول معاہدے کے تحت قرض پروگرام کی بحالی بورڈ کی منظوری سے مشروط ہوگی، قسط کے اجراء سے پاکستان کو فراہم کردہ رقم 3 ارب ڈالر سے تجاوزکر جائے گی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے جون تک کارکردگی کے اہداف بڑے مارجن سے حاصل کرلیے ہیں جب کہ عالمی مالیاتی ادارے نے فیٹف پلان پر عمل درآمد، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کی تعریف بھی کی ہے۔