لیبیا کے الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز ایک ابتدائی فیصلے میں اعلان کیا ہے کہ سابق مقتول لیڈر کرنل معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق الیکشن کمیشن نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے ہیں، اس کے علاوہ کل 98 امیدواروں میں سے 25 امیدواروں کو نا اہل قرار دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق لیبیا کے الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کمیشن نے 24 دسمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں 98 رجسٹرڈ امیدواروں میں سے 25 کو نا اہل قرار دیا جا چکا ہے۔
لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے سبکدوش ہونے والے ایلچی جان کوبیش نے بدھ کے روز خبردار کیا تھا کہ اس سال کے آخر میں طے شدہ لیبیا کے انتخابات کے انعقاد میں ناکامی صورت حال میں شدید خرابی اور مزید تقسیم اور تنازعات کو جنم دے گی۔
کوبیش نے آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ اگرچہ انتخابات کے حوالے سے سیاسی پولرائزیشن سے منسلک خطرات واضح اور موجود ہیں، لیکن انتخابات کے انعقاد میں ناکامی سے ملک کی صورتحال شدید خراب ہو سکتی ہے اور یہ مزید تقسیم اور تنازعات کا باعث بن سکتا ہے۔