اور اب 'ووٹ کو عزت دو' جنید صفدر کی شادی میں بھی۔۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ میں 4 سال سے آئین پاکستان کی بات کر رہا ہوں، ووٹ کو عزت دو، یہ گانا بیٹے کی شادی میں بھی چلےگا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ ہماری دادی نانی ’دیساں دا راجا‘ گاتی تھیں، مریم نے گایا تو کیا ہو گیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ لیڈر لیڈر ہوتا ہے، لیڈر گانے بھی گاتاہے اور ترانے بھی پڑھتا ہے، لیڈر گانے گواتا بھی ہے اور تگنی کا ناچ بھی نچواتاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی شادی پر گانا بھی گاؤں گا اور جو ٹوٹا پھوٹا ڈانس سیکھا وہ بھی کروں گا، میں 4 سال سے آئین پاکستان کی بات کر رہا ہوں ، ووٹ کو عزت دو، یہ گانا بیٹے کی شادی میں بھی چلےگا۔

خیال رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو لاہور میں ہونا قرار پائی ہے جس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور اس حوالے سے مریم نواز اور حمزہ شہباز کی گانا گانے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔