پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں پر امن اور سازگار سیاسی ماحول میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی تیاری مکمل ہے۔
انشاء اللہ 19 دسمبر کا دن بلدیاتی انتخابات کے پہلے فیز میں تحریک انصاف کی کامیابی کا دن ہو گا۔
اتوار کو اپنے بیان میں معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تمام متعلقہ اداروں کو صوبے میں پر امن انتخابات کرانے کے لیے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعلیٰ بذات خود صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور گاہے بگاہے اس سلسلے میں ہدایات جاری کر رہے ہیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں انتشار کا شکار ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے کر کے ایک دوسرے کے خلاف ہی الیکشن مہم چلا رہے ہیں۔
پشاور میں انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کے مقابلے میں اپوزیشن جماعتیں کہیں دور دور نظر نہیں آ رہیں، انتشار کا شکار پی ڈی ایم جماعتوں کی انتخابی مہم کو دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ان کے امیدواروں سے تو جماعت اسلامی کا امیدوار زیادہ ووٹ حاصل کر لے گا۔
معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بہترین لوکل گورنمنٹ ایکٹ بنایا ہے جس کی بدولت نہ صرف اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے بلکہ عوام کے مسائل بھی ان کی دہلیز پر ہی حل ہوں گے۔