پشاور سمیت کئی شہروں میں دھند اوراسموگ کا راج برقرار

خیبر پختون خوا میں صبح سویرے شدید دھند اور پشاور سمیت کئی جگہوں پراسموگ کا راج برقرار ہے،ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال اور احتیاط کی تاکید کی ہے، جبکہ موٹر وے پولیس نے شدید دھند والے علاقوں میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ اسموگ،  فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔

اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے جب ہوا نہیں چلتی اور درجہ حرارت میں کمی یا دیگر موسمی تبدیلی واقع ہوتی ہے توآلودگی فضاء میں اوپرنہیں جاتی بلکہ زمین کے قریب ہی ایک تہہ بن جاتی ہے اور  ان وجوہات کے نتیجے میں یہ غیر معمولی آلودگی کئی کئی دن تک شہرمیں برقرار رہ سکتی ہے۔

موٹر وے پولیس نے شدید دھند والے علاقوں میں شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری دھند کے دوران اشد ضرورت کے تحت سفر کرتے ہوئے گاڑی کی رفتار آہستہ رکھیں اور فوگ لائٹ کا استعمال کریں۔

موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے موسم میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ  عام حالات کی نسبت زیادہ رکھی۔

سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے کی صورتحال اور دوران سفر مدد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 سے مدد لی جا سکتی ہے۔