خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات:حکمران جماعت نے شکست کی وجہ مہنگائی قرار دیدی

صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو بلدیاتی انتخابات میں شکست مہنگائی کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، جبکہ وزیراعظم عمران خان کو مہنگائی کا احساس ہے، دو تین مہینے میں مہنگائی کم کرنے کی کوشش کرینگے۔

صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کے پی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں شکست ہوئی ہے، اپوزیشن کہہ رہ تھی کہ دھاندلی کررہے ہیں اگر دھاندلی کرتے تو کیا ایسا ہوتا، حکومت ہماری ہے  اور ہم نے دھاندلی نہیں کی کم از کم اس بات کو تو سراہا جائے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہم ہارے ہیں ، امید ہے تین ماہ میں مہنگائی کم ہو جائے گی، ہار جیت ہوتی رہتی ہے ہمیں سب سے زیادہ مشکلات مہنگائی کی وجہ سے رہیں، شکر ہے کہ کوئی کرپشن کا الزام ہماری حکومت پر نہیں لگا، ہم نے کسی قسم کی دھاندلی نہیں کی۔شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مہنگائی کا احساس ہے، دو تین مہینے میں مہنگائی کم کرنے کی کوشش کرینگے۔