خیبر پختونخوا کی سب سے اہم سیٹ پشاورسٹی میئرکی نشست پر جے یو آئی نے میدان مار لیا اور الیکشن واضح اکثریت سے جیت لیا۔ جے یو آئی کے زبیر علی کو 12 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر رہے۔
جے یو آئی کے زبیر علی نے 63 ہزار 388 اور پی ٹی آئی کے رضوان بنگش نے 50 ہزار 659 ووٹ حاصل کیے۔
خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چیئرمین کے لیے جمعیت علماءاسلام 18 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ حکمران جماعت پی ٹی آئی کا 14 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
آزاد امیدوار 9 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اے این پی بھی 9 سیٹیں لے اڑی۔ ن لیگ ، جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی اور تحریک اصلاحات پاکستان دو دو سیٹوں پر کامیاب ہوئی ہیں۔
پشاور میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ 7 تحصیلوں میں سے پی ٹی آئی صرف ایک نشست جیت سکی۔ جے یو آئی اب تک 3 اور اے این پی دو تحصیل کونسلز جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔