لوئر مہمند، ساس بہو سے جیت گئی

لوئر مہمند:لوئر مہمند کے بلدیاتی انتخابات میں بہو کی شکست کے بعد ساس الیکشن جیت گئی، یوں گھر میں فتح کے شادیانے بج گئے۔

مہمند کی ویلیج کونسلز سے دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے، بہو کی شکست اور ساس کا انتخابی نتیجہ برابر ہونے کے بعد دوبارہ گنتی پر فیصلہ ساس کے حق میں آگیا۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ساس دنیا بی بی نے 402 ووٹ لیے تھے اتنے ہی ووٹ جماعت اسلامی کی خاتون امیدوار نے حاصل کیے، جس کے بعد دوبارہ گنتی کی گئی۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہی دنیا بی بی نے جماعت اسلامی کی لال پری جانہ کو شکست دی ہے۔

65 سالہ دنیا بی بی نے 402 ووٹ لیے تھے، وہ ایک ووٹ سے فتحیاب ٹھہری ہیں، مدمقابل جماعت اسلامی کی لال پری جانہ نے 401 ووٹ حاصل کیے۔

اس سے قبل لوئر مہمند سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑرہی بہو رابعہ بی بی کو ویلج کونسل ترکزئی 2 میں 56 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، انہیں جمعیت علما اسلام کی خاتون امیدوار نے مات دی۔

لوئر مہمند کی ساس بہو نے بلدیاتی الیکشن میں جیت کیلئے گھر گھر جاکر بھرپور انتخابی مہم چلائی تھی، ساس ترکزئی 3 سے جبکہ بہو ترکزئی 2 سے امیدوار تھیں۔

فاٹا کے انضمام کے بعد ضلع مہمند میں پہلی بار ہوئے بلدیاتی انتخابات میں مرد امیدواروں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی بھرپور حصہ لیا تھا۔

الیکشن سے قبل اپنی انتخابی مہم کے دوران نجی ٹی وی سے گفتگو میں 65 سالہ ساس نے بتایا تھا کہ ان کے علاقے میں کہیں پر پانی کے کنویں نہیں، کہیں سڑکیں نہیں، گلیاں کچی ہیں، گندہ پانی گلیوں میں کھڑا رہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں ان کو اندھیروں سے روشنیوں میں لانا چاہتے ہیں۔چار بچوں کی ماں 35 سالہ رابعہ بی بی اس گھرانے کی بہو ہیں، ویلج کونسل ترکزئی 2 سے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد مسائل و مشکلات سے پریشان خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہے، اس لیے میدان میں آئی ہوں تاکہ خواتین کے حق کے لیے آواز اٹھاوں گی۔

دونوں ساس بہو انتخابی مہم میں بھی ایک دوسرے کی مدد کی جبکہ کھانا پکانے میں بھی تعاون کرتی ہیں، برتن دھونے اور دیگر گھر کے کاموں میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹاتی ہیں۔بلدیاتی انتخابات میں ضلع مہمند کے 65 ویلج کونسلز سے 155 خواتین امیدوار میدان میں تھیں۔