پشاور: خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 9 تحصیلوں کے 82 سے زائد پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی‘ ڈیرہ سٹی کے میئر کا انتخاب بھی دوبارہ ہوگا۔
نجی ٹی وی نے الیکشن کمیشن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سٹی میئر ڈیرہ سمیت 9 تحصیلوں میں 82 سے زائد پولنگ سٹیشنز پر لڑائی جھگڑوں اور دیگر وجوہات کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا تھا ان پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
ڈیرہ سٹی میں میئر شپ کے اے این پی کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کے انتقال کے باعث انتخاب ملتوی ہوا تھا‘ دریں ا ثناء درہ آدم کیل تحصیل میں جلاؤ گھیراؤ کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔
تاہم تحصیل درہ آدم خیل کے متعدد پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے جن تحصیلوں میں دوبارہ پولنگ ہوگی ان میں پشاورکی 6 نیبر ہوڈ کونسلز بھی شامل ہیں‘ قادرآباد گلبہار کی 4 اوراین سی آفریدی گڑھی کا ایک پولنگ سٹیشن شامل ہے‘۔
اس طرح لنڈی کوتل 20‘ لکی 2‘ تحصیل خار 2‘ تحصیل ناواگئی باجوڑ4‘ خدو خیل بونیر 1‘ کرک تحصیل 10‘ تحصیل تخت نصرتی کی 33 ا ور تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کرک کے 4 پولنگ سٹیشن پر دوبارہ الیکشن ہوگا۔
مذکورہ 82 سے زائد پولنگ سٹیشنز پر لڑائی جھگڑوں کے باعث دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کے نتائج بھی روک لئے گئے ہیں دوبارہ پولنگ کے بعد کامیاب امیدواروں کا حتمی اعلان سرکاری طور پر کیا جائے گا۔