مردان کے میئر کی نشست پر دوبارہ گنتی کی درخواست منظور

مردان: ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مجیب الرحمان خان نے مردان کے میئر کی نشست پر دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرلی اورکل بروز جمعرات سے ری کاؤنٹنگ کا مرحلہ شروع ہوگا۔

 تفصیلات کے مطابق 19 دسمبر کے بلدیاتی انتخابات میں اے این پی کے امیدوار حمایت اللہ مایار 56 ہزار 458 ووٹ حاصل کرکے میئر منتخب ہوئے تھے جبکہ جے یو آئی (ف) کے امیدوار مولانہ امانت شاہ 49 ہزار 938 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے تھے۔

 غیر حتمی نتائج آنے کے بعد مولانہ امانت شاہ نے دھاندلی کا الزام عائد کر تے ہوئے نتائج کو مسترد کیا اور دیگر ناکام امیدواروں پی ٹی آئی کے لخکر خان پیپلز پارٹی کے اسد علی خان اور آزاد امیدوار ظاہر شاہ کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے دفتر جاکر میئر شپ کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کے لئے درخواست جمع کرائی۔

 ریٹرننگ آفسر مجیب الرحمان نے”آج“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے درخواست منظور کر لی ہے اور جمعرات کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔