رپورٹس کے مطابق پچھلے سال گورنر ہاؤس خیبرپختون خوا کا بجٹ 25 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا،تاہم نئے مالی سال کے لئے گورنر ہاؤس کے خرچے کے لئے بجٹ میں 5 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔دستاویزات مطابق گورنر ہاؤس کے (یوٹیلیٹی بلز) بجلی، گیس اور ٹیلی فون پر خرچہ تقریباً 4 کروڑ سے بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 2021-22 کی دستاویزات کے مطابق پچھلے سال گورنر ہاؤس خیبرپختون خوا کا بجٹ 25 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا، تاہم گورنر کے پی نے گزشتہ سال 25 کروڑ 75 لاکھ روپے زائد خرچ کئے۔ دستاویزات کے مطابق گورنر کے پی نے اپنے صوابدیدی فنڈ سے بھی ایک کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے، اس مالی سال کے لئے گورنر ہاؤس کے خرچے کے لئے 30 کروڑ روپے سے زائد منظور کئے گئے ہیں جس میں 5 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق گورنر ہاؤس کے (یوٹیلیٹی بلز) بجلی، گیس اور ٹیلی فون پر خرچہ تقریباً 4 کروڑ سے بڑھ گیا ہے، اس سال گورنر ہاؤس کے بجلی کے بل کی ادائیگی کے لئے 3 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ منظور کیا گیا، پچھلے سال بجلی کے بل میں 2 کروڑ 62 لاکھ روپے جمع کرائے گئے۔ اسی طرح گیس بل کے لئے پچھلے سال 60 لاکھ روپے رکھے گئے خرچ 87 لاکھ روپے ہوئے، اس سال گیس بل کی ادائیگی کے لئے 90 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، گزشتہ سال ٹیلی فون کے بلوں کی ادائیگی پر 27 لاکھ 75 ہزار روپے خرچ ہوئے تھے، اس سال مزید 28 لاکھ روپے ٹیلی فون بل کی مد میں بجٹ منظور ہوا ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گورنر خیبرپختون خوا کے سفری اخراجات میں پیٹرول اور ہوائی سفر پر گزشتہ سال تقریباً 60 لاکھ روپے کا خرچہ آیا تھا جو بجٹ سے 15 لاکھ روپے زائد تھا، جب کہ اس سال بھی گورنر ہاؤس کو تیل اور ہوائی جہاز کے لئے مزید 60 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں، گورنر کے عملے نے سفری اخراجات پر 90 لاکھ روپے خرچ کئے۔ اس کے علاوہ گورنر خیبرپختون خوا نے گزشتہ سال اپنی تفریح اور تحائف پر ایک کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے، اور اس سال بھی ان کا اتنا ہی خرچ کرنے کا ارادہ ہے۔
دستاویزات کے مطابق اس سال گورنر ہاؤس کے ملازمین کے الاؤنسز کے لئے اعداد وشمار کے بغیر (لم سم) 4 کروڑ روپے کی رقم گورنر ہاؤس کے بجٹ میں مختص کی گئی ہے، ملازمین کو پہلے سے ملنے والے دو درجن الاؤنسز اس کے علاوہ ہیں، جب کہ گزشتہ برس گورنر ہاؤس کے ملازمین کے یونیفارم پر تقریباً 10 لاکھ روپے سالانہ خرچہ آیا، اور اس سال بھی ملازمین کے یونیفارم پر مزید 11 لاکھ خرچ ہوں گے، گزشتہ سال ملازمین کی گاڑیوں کی مرمت پر 30 لاکھ روپے سے زائد خرچہ ہوا۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غریب ملک کے متوسط صوبے خیبرپختون کے گورنر ہاؤس کے ملازمین کی تعداد 265 سے زائد ہے، جن میں سے صرف 22 کے قریب نئے مالی بھرتی کئے گئے ہیں، پہلے گورنر ہاؤس میں 8 مالی کام کرتے تھے اور اب ان کی تعداد 30 ہو گئی ہے، گورنر خیبرپختون خوا کے ذاتی عملے میں ایک آیا بھی شامل ہے، جب کہ امام مسجد، مؤذن، ایک ہیڈ خدمتگار، 2 خدمت گار، 13 ڈرائیورز، 17 نائب قاصد، ایک اسٹیورڈ، 14 بیئرر، 4 دھوبی، ایک براس مین، واشر مین، 2 تندورچی، 3 مالشی شامل ہیں۔ گورنر ہاؤس کے لئے تقریباً 69 لاکھ روپے کے نئے پودے خریدے گئے۔