وزیراعلیٰ کی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے تیاریاں شروع کرنیکی ہدایت

 اسلام آباد:وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہزاد بنگش اور انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری نے ملاقات کی جس میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پر امن انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ہفتہ کو ہونے والی ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پر امن انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بعض مقامات پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کا جائزہ لیا گیا ،ان انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔

محمود خان نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مجموعی طور پر پر امن رہا، تاہم بعض جگہوں پر کچھ ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے۔

 وزیر  اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اس طرح کے واقعات کا تدارک یقینی بنایا جائے۔

 انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پر امن انعقاد کے لئے ابھی سے انتظامات اور تیاریوں کا عمل شروع کیا جائے س سلسلے میں ضلعی انتظامیہ،  پولیس اور الیکشن کمیشن کے درمیان کوآرڈینیشن کا موثر نظام وضع کیا جائے۔

 وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پر امن ماحول میں صاف اور شفاف انعقاد کے لئے پر عزم ہے۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس مقصد کے لئے دستیاب تمام مالی وسائل اور افرادی قوت کا موثر استعمال عمل میں لایا جائے، صوبائی حکومت ان انتخابات کے پرامن اور صاف و شفاف انعقاد کے لئے درکار تمام وسائل فراہم کرے گی۔