وزیر اعلی کا پشاور کے مختلف علاقوں، دفاتر کا اچانک دورہ،اہم ہدایات جاری

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اچانک دوروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرتے ہوئے بغیر کسی سکیورٹی پروٹول پشاور شہر کے مختلف علاقوں اور دفاتر کا معائنہ کیا۔

اس سلسلے میں وزیر اعلی پہلے تحصیلدار سٹی آفس پشاورگئے جہاں  انہوں نے تحصیلدار آفس میں قائم سروس ڈیلیوری سنٹر، رجسٹرار آفس اور دیگر دفاتر کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلی نے سروس ڈیلیوری سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی کا سروس ڈیلیوری سنٹر میں صفائی اور خدمات کی فراہمی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے تحصیلدار آفس اور رجسٹرار آفس کی بدحالی اور صفائی کی ابتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔

اس موقع پر وزیر اعلی نے سائلین سے ملاقات کی اور ان سے ان کے مسائل کے حل بارے میں معلومات حاصل کی۔زمینوں کے انتقالات اور کاغزات کے اجراء میں تاخیر کی شکایت پر وزیر اعلی نے متعلقہ دو پٹواریوں کو معطل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاور کو  متعلقہ رجسٹرار کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلی سروس ڈیلیوری سنٹر میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ایس ایم بی آر اور ضلعی انتظامیہ کا خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ  کرتے ہوئے عوام کی سہولت کے لئے صوبہ بھر کے تمام سروس ڈیلیوری سنٹرز میں بینک آف خیبر کے برانچز کھولنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعلی نے خان رازق شہید  پولیس اسٹیشن قصہ خوانی کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں صفائی کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کی خستہ حالی پر سی سی پی او سے تین دنوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلی نے خیبر بازار، قصہ خوانی بازار،  چوک یاد گار اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا اورمذکورہ علاقوں میں ٹریفک اور صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےان علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سیکرٹری بلدیات سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ بے ہنگم ٹریفک کی صورتحال پر ایس ایس پی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیر اعلی قصہ خوانی بازار میں عوام میں گھل مل گئے ۔

شہریوں نے وزیر اعلی کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعلی کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔

اس موقع پر وزیر اعلی سے دونوں ہاتھوں سے معذور نوجوان کی مالی امداد کی درخواست پر وزیر اعلی نے نوجوان کو وزیر اعلی ہاوس کا مہمان بنادیا۔ اور وزیر اعلی نے نوجوان کے لئے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کے علاوہ انہیں فی الوقت ڈیلی ویجز پر ملازمت بھی دے دی۔ وزیر اعلی نے نوجوان کو مستقل ملازمت دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔