وزیراعلیٰ نے اچانک دوروں کا دوبارہ آغاز کردیا، پشاور کے 2پٹواری معطل

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے اچانک دوروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرتے ہوئے پیر کے رو ز پشاور شہر کے مختلف علاقوں اور سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔

 وزیراعلیٰ نے بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول تحصیل سٹی آفس کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل سٹی آفس میں قائم سروس ڈیلیوری سنٹر، رجسٹرار آفس سمیت دیگر دفاتر کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں پر فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 اس موقع پر انہوں نے سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان سے تحصیل آفس سے جڑے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل سٹی آفس میں صفائی اور خدمات کی بروقت فراہمی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفتر کی ناگفتہ بہہ صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ 

زمینوں کے انتقالات، فرد کے اجراء اور دیگر خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ دو پٹواریوں کو معطل کرنے جبکہ ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ رجسٹرار کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 اس موقع پر انہوں نے فیس جمع کرنے کے سلسلے میں لوگوں کی سہولت کے لئے صوبے بھر کے تمام سروس ڈیلیوری سنٹر ز میں بینک آف خیبر کی برانچز کھولنے کے احکامات بھی جاری کئے۔

 وزیراعلیٰ نے سائلین کی شکایات پر زمینوں کے انتقالات، فرد، رجسٹریشن، خانہ کاشت اور دیگر جملہ مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے اور سروس ڈیلیوری سنٹرز میں خدمات و سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر اور عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کا خصوصی اجلاس طلب کرلیاہے۔

 انہوں نے تحصیل آفس اور سروس ڈیلیوری سنٹر کے عملے کو زمینوں کے انتقالات، فرد، رجسٹریشن سمیت دیگر تمام خدمات کی مقررہ وقت کے اندر فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ عوام کو ان خدمات کی بروقت فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی صورت میں متعلقہ عملے کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 دریں اثناء وزیراعلیٰ نے خان راز ق کابلی پولیس اسٹیشن کا بھی اچانک دورہ کیا، تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور حوالات سمیت تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اسٹیشن میں صفائی کی مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تھانے کی خستہ حالی پر کیپٹل سٹی پولیس کے سربراہ سے تین دنوں میں رپورٹ طلب کی۔

 وزیراعلیٰ نے خیبربازار، قصہ خوانی بازار، چوک یادگار اور دیگر علاقوں کابھی دورہ کیا۔ 

مذکورہ علاقوں میں صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی مجموعی صورتحال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال کے بارے میں سیکرٹری بلدیات جبکہ بے ہنگم ٹریفک کے معاملے پر ایس ایس پی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی۔ 

اس دوران وزیراعلیٰ عوام میں گھل مل گئے، شہریوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔ 

وزیراعلیٰ نے شہریوں سے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔