ٹانک اور میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک کے علاقے کوٹ کٹ میں سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی جانب سے ہائی ویلیو ٹارگٹڈ جوائنٹ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلہ میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز آپریشن دوران ہلاک دہشتگردوں کا تعلق عصمت اللہ شاہین گروپ سے ہے جن کی شناخت شاہ زیب عرف ذاکر اور دانیال کے ناموں سے ہوئی۔
آئی ایس پی آر ) کے مطابق دونوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان میں ملوث رہے ہیں، دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور آپریشن میں سیکورٹی فورسز کی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میر علی میں بھی کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کر لیا گیا، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں حوالدار منور عمر 40 سال سکنہ بہاولنگر، سپاہی ذکاء اللہ عمر 31 سال سکنہ لکی مروت، سپاہی فرحان عمر 34 سال سکنہ کوہاٹ اور سپاہی شیراز عمر 30 سال سکنہ ایبٹ آباد شامل ہیں۔