اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پہاڑوں پر برف باری،روڈز کی بندش اورسردی کی شدت کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلہ میں پولنگ جنوری کی بجائے 27 مارچ کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو الیکشن کمیشن میں مرتضیٰ جاوید عباسی اور سردار محمد یوسف کی اس حوالے سے درخواستوں کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔بنچ میں نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی شامل تھے۔
اس موقع پر صوبائی حکومت اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کا موقف بھی سنا گیا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ میں دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات 27 مارچ کو کرائے جائیں گے۔
کمیشن نے کہا کہ ایبٹ آباد،مانسہرہ، شانگلہ،دیر،سوات، کوہستان،چترال،تورغر،بٹ گرام سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ سے 80 فیصد ووٹر اپنے حق سے محروم رہ جائیں گے۔
اس لئے الیکشن جنوری کے آخر کی بجائے 27 مارچ کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔