پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جو کہ آئندہ چند روز تک جاری رہنےکی پیش گوئی کی گئی ہے۔صوبے کے اکثر اضلاع میں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مغربی سمت سے بارشیں برسانے والی ہوائوں کا ایک نیا سلسلہ دا خل ہوا ہے جس کے باعث گزشتہ روز سے صوبے کے اکثر اضلاع میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جو کہ آئندہ چند روز تک جاری رہنےکی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسکردو سمیت گلگلت بلتستان کے متعدد اضلاع میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ برفباری کے باعث بالائی علاقوں کا اسکردو سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، نظام زندگی بھی مفلوج ہوگیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
آزاد کشمیر میں وادی لیپہ سمیت بعض علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا۔ برفباری کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور متعدد گاوٴں بجلی سے محروم ہوگئے۔ سوات ، کالام ، مالم جبہ ، مہوڈنڈ ، گبین جبہ سمیت خیبرپختون خواہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔