پشاور:خیبر پختونخوا کابینہ نے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائززکے تحت سبسڈی دینے کیلئے راست ماڈرنائزیشن فنانس سکیم اور راست ورکنگ کیپٹل فنانسنگ سکیم کو مجموعی طور پر6ارب روپے دینے کی منظوری دیدی ہے۔
مذکورہ سکیمز کیلئے مالی معاونت محکمہ صنعت و تجارت کے ساتھ مشاورت کے بعد بنک آف خیبرفراہم کرے گی۔
صوبائی کابینہ کا63واں اجلاس بد ھ کے روز پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیواور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کابینہ اجلاس کے بعدمیڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کیں کہ جن ایکٹ کے تحت رولز مرتب نہیں کئے گئے ان کو ایک ماہ کے اندر اندر تیار کرکے کابینہ میں پیش کیا جائے اورکابینہ اجلاسوں کیلئے سالانہ کیلنڈر مرتب کیا جائے گا تاکہ کابینہ سے عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت منظوری یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے اپرنٹس شپ بل2021ء کی منظوری دیدی ہے جس کا مقصد کارخانوں اور دوسرے کاروباری اداروں میں نوجوانوں کو ملازمت کے ساتھ ساتھ تکنیکی تربیت دینے کا پابندبناناہے تاکہ ٹیکنیکل افرادی قوت میں اضافہ ہو۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے ڈیجیٹلائزیشن پالیسی کے تحت سمری آٹومیشن سسٹم کی منظوری دیدی ہے جو کہ ملک میں ا پنی نوعیت کی پہلی پالیسی ہے جس کے تحت وزیراعلیٰ کو بھیجے جانے والے تمام سمریز اور چیف سیکرٹری کو بھیجے جانے والے تمام نوٹ سافٹ ویئر کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔اس اقدام سے سرکاری امور میں روایتی خط و کتابت کا خاتمہ ممکن اورکام نمٹانے میں تیزی بھی آئے گی۔
صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل/ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2021ء کی منظوری دیدی ہے۔ پالیسی کا مقصد صوبائی حکومت کے اقدامات کی نچلی سطح پر تشہیر کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ اشتہاری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
پالیسی کے تحت صوبائی حکومت سرکاری اشتہارات پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ ویب سائٹس، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیاکے پلیٹ فارمز پر بھی دے سکے گی۔
مزید برآں صوبائی میڈیا لسٹ میں اخبارات کی شمولیت اور ان کے اخراج کے طریقے کار کو بھی مزید شفاف بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں رولز بنانے کی بھی ہدایت کی کابینہ نے صوبے میں نوادرات کیلئے غیر قانونی کھدائی کرنے والے افراد کے خلاف موثر قانونی کاروائی کی بھی منظوری دی‘ صوبے میں وال سٹیزکی تز ئین و آرائش اور تحفظ کیلئے الگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
صوبائی کابینہ نے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پینل کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے خیبر پختونخوا فارمیسی کونسل کی تشکیل نو کرتے ہوئے کونسل کے9ممبران کی نامزدگی کی منظوری دیدی ہے۔
کابینہ نے دلہ زاک روڈ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے مبشر احمد کیلئے سپیشل شہداء پیکج کی بھی منظوری دیدی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سابقہ خیبر ایجنسی (ضلع خیبر) میں بمباری کے نتیجے میں جاں بحق افراد کو باقی ماندہ معاوضے کی ادائیگی کی منظوری دیدی گئی۔
صوبائی کابینہ نے ٹوارزم ایریا اینٹی گریٹڈ پراجیکٹ، سب ہیڈ کالام اینڈ ناران کیلئے کیپرا رولز میں رعایت کی بھی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ نے صوبے کے تین سیاحتی مقامات گھنول، مانکیال اور مداکلشٹ کو انٹگریٹڈ ٹوارزم زونز کا درجہ دینے کی بھی منظوری دیدی جو بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے دوبئی ایکسپو میں پیش کئے جائیں گے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کابینہ نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں اینٹی کرپشن کے ریجنل دفتر کے قیام کیلئے3کنال9مرلے کی سرکاری اراضی کی ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کو منتقلی کی منظوری دیدی ہے۔
صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا بینولنٹ فنڈ الائٹمنٹ آف پلاٹس ٹو گورنمنٹ سرونٹس) رولز1989ء کی منسوخی کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت متعلقہ ملازمین کے ورثاء کو پلاٹس کی عدم موجودگی کی وجہ سے مالی معاونت دی جائے گی کابینہ نے خیبر پختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ2021ء کی بھی منظوری دیدی ہے۔
خیبر پختونخوا کابینہ نے تعلیمی مقاصد کیلئے سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو سیٹلائٹ ٹی وی براڈ کاسٹ سٹیشن کے قیام کیلئے این او سی جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
کابینہ نے تحصیل پبی ضلع نوشہرہ میں عدالتوں کے قیام کیلئے 6 کنال اراضی کو ضلعی عدلیہ کے سپرد کرنے کی منظوری دیدی ہے۔