پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے سیاحتی علاقے نتھیاگلی لگژری ہوٹل کی تعمیر کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے عمل پر صوبائی حکومت کے اثر انداز ہونے کی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایک خود مختار ادارہ ہے جبکہ فور سٹار ہوٹل کی تعمیر کے لئے لیے جی ڈی اے کے اتھارٹی بورڈ آف اتھارٹی نے ہی جون 2019 میں منظوری دی تھی۔
صوبائی حکومت کا ہوٹل کی تعمیر سے متعلق امور سے کوئی واسطہ نہیں۔ ہوٹل کے قیام اور کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔ ہوٹل کی تعمیر اور کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے تک کا تمام دستاویزی ریکارڈ جی ڈی اے پاس موجود ہے جو کہ کوئی بھی دیکھ سکتا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جنوری 2020 میں تمام نمایاں بڑے اخبارات میں پراجیکٹ کا اشتہار دیا گیا۔ 8 فرمز نے ہوٹل کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ 2 مارچ 2020 کو ان 8 میں سے 4 فرمز کو پری کوالیفیکیشن معیار کے مطابق آر ایف پی کے لیے پری کوالیفائی قرار دیا گیا۔
26 نومبر کو چاروں پری کوالیفائیڈ فرمز کو ٹیکنیکل بڈ کے لیے آر ایف پی جاری کیا گیا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ پراجیکٹ کی ماحولیاتی، اقتصادی اور فن تعمیر کے اعتبار سے جانچ پڑتال کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے ان چار فرمز کی ٹیکنیکل بڈز کا تفصیلی جائزہ لیا۔
مئی 2021 میں پراجیکٹ کی فنانشل بڈ متعلقہ فرمز کے نمائندوں کے سامنے کھولی گئیں جس میں "دا بارون" کی طرف سے دی جانے والی بولی سب سے زیادہ پائی گئی۔ کامیاب بولی دہندہ فرم انٹرنیشنل ہوٹلر اور کابل اور کربلا میں دو فائیو سٹار ہوٹلز کی مالک اور انہیں چلا رہی ہے۔
20 مئی کو بورڈ کی جانب سے منظوری کا مراسلہ جاری کیا گیا جبکہ 9 جون 2021 کو جی ڈی اے اور متعلقہ فرم میں لیز کا معاہدہ طے پایا۔ اس موقع پر بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کے امور پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اثرانداز ہونے کا تاثر قطعی طور پر بے بنیاد ہے۔ وہ ایک عوامی شخصیت ہیں جن سے کوئی بھی ملاقات کر سکتا ہے۔