'گلیات میں کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا ہے،صورتحال کی خود نگرانی کررہا ہوں'

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گلیات میں برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ گلیات میں برفباری سےصورتحال کی خود نگرانی کررہا ہوں، گلیات میں گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور سیاحوں کو ہوٹلوں اور قیام گاہوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ گلیات میں برفباری سےصورتحال کی خود نگرانی کررہا ہوں، گلیات میں گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور گلیات میں سیاحوں سے متعلق کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں میں موجود سیاحوں کو ہوٹلوں اور قیام گاہوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بے گھر افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہوں میں قیام و طعام کے تمام انتظامات یقینی بنائے جائیں اور  کوئی بھی شخص کھلے آسمان تلے رات نہ گزارے۔

واضح رہے کہ مری میں سیاحوں کے شدید رش اور برفباری کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ 19 افراد کی گاڑیوں میں ہی اموات ہوچکی ہے جس کی تصدیق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔