سوشل میڈیا کی ہنگامہ خیز دنیا میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ایک تصویر پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں وہ خاتون کے ساتھ نظر آتے ہیں اور اِس تصویر پر تنقیدی تبصروں کے ساتھ مزاحیہ تبصرے اِس حقیقت کا بھی بیان ہیں کہ پاکستان میں صرف کرکٹ ہی سے نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی نجی زندگی اور کھیل کے علاوہ دیگر مصروفیات سے متعلق جاننے کا بھی ذوق پایا جاتا ہے۔ کپتان بابر اعظم کی مذکورہ تصویر چھ جنوری کو سوشل میڈیا وسیلے ’ٹوئٹر (twitter)‘ کے ذریعے سامنے آئی جس پر ابتدائی ردعمل حیرانی کا تھا حقیقت یہ ہے کہ بابر اعظم کی مذکورہ تصاویر میں نظر آنے والی خاتون متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی فیشن سٹائلسٹ اور میک اپ آرٹسٹ ابیہا مامون ہیں جو کہ پاکستانی نژاد ہیں اور یہ تصاویر ابیہا مامون نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے چھبیس نومبر دوہزاراکیس کو جاری (شیئر) کی تھیں‘ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ قومی ٹیم کے کپتان کے ساتھ کام کرنے پر خوش ہیں۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہوئے عقل کا استعمال بھی یکساں ضروری بلکہ بسا اوقات انتہائی ضروری (لازمی) ہو جاتا ہے۔نئے عیسوی سال کے آغاز پر کرکٹ سے متعلق دوسری اہم خبر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارے میں ہے جس کی دوہزاربائیس سیزن کے لئے سپلیمنٹری اور ریپلیسمنٹ ڈرافٹ درجوں (کٹیگریز) میں کھلاڑیوں کا انتخاب کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈرافٹنگ کا یہ عمل ورچوئل ہوا۔ سپلیمنٹری سیشن میں پہلے انتخاب کا موقع دوہزاربیس کی چیمپئن کراچی کنگز کو ملا اور سابق چمپیئن ٹم نے ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ائر صاحبزادہ فرحان کو اپنے سکواڈ میں شامل کیا۔ دوسرا موقع لاہور قلندرز کو دیا گیا جنہوں نے فاسٹ باؤلر عمران رندھاوا کو منتخب کیا‘ جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے فاسٹ باؤلر موسیٰ خان‘ ملتان سلطانز نے برطانیہ کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی اور پشاور زلمی نے عمر کو منتخب کیا۔ ڈرافٹنگ کے عمل میں دوسرا مرحلہ ریورس آرڈر کے بعد ہوا جہاں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے رضوان حسین‘ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے غلام مدثر‘ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ظاہر خان‘ لاہور قلندرز نے عاکف جاوید اور کراچی کنگز نے جارڈن تھامپسن کا انتخاب کیا۔ ذہن نشین رہے کہ ہر فرنچائز کو دو سپلیمنٹری انتخاب میں زیادہ سے زیادہ ایک غیر ملکی کرکٹر کو منتخب کرنے کی اجازت تھی۔ اسی طرح ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں ملتان سلطانز نے اوڈین اسمتھ کی جگہ وکٹ کیپر جانسن چارلس کو ڈائمنڈ کیٹیگری سے منتخب کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نوید الحق کی جگہ لیوک ووڈ‘ جیمز ونس کی جگہ ول اسمیڈ‘ جیسن رائے کی جگہ شمرون ہیٹمائر اور افغانستان کے نور کی جگہ علی عمران کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا۔ کراچی کنگز نے انجری کے باعث دستیاب نہ ہونے والے ٹام ایبل کی جگہ اویشیکا فرنینڈو‘ قومی انڈر نائنٹین ٹیم کے کپتان قاسم اکرم کی جگہ سپنر طحہ خان کو سکواڈ میں شامل کیا۔ قاسم اکرم آئی سی سی انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں شرکت کی وجہ سے پی ایس ایل کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے سینٹ کٹس میں موجود قومی انڈر نائنٹین کے سکواڈ میں شامل ذیشان ضمیر کی جگہ حریرہ کو منتخب کیا‘ جنہوں نے اپنے ڈیبیو فرسٹ کلاس سیزن میں شاندار ٹرپل سنچری بنائی تھی اور قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بھی بنائے تھے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم میں ابتدائی چند میچوں کے لئے انگلش وکٹ کیپر فل سالٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے بین ڈنک کو دوبارہ حصہ بنا لیا ہے۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ایک ایک سپلیمنٹری انتخاب محفوظ رکھا ہے‘ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے علاوہ باقی پانچوں فرنچائزز نے متبادل راؤنڈ میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا۔ ان منتخب کھلاڑیوں کو دیکھتے ہوئے ’پی ایس ایل‘ کے نئے سیزن میں زیادہ سنسنی خیز مقابلے متوقع ہیں اور اِس مرتبہ پی ایس ایل سیزن اِس لئے بھی دلچسپ ہوگا کیونکہ اِسے دیکھنے کے لئے تماشائیوں کو کھیل کے میدانوں میں آنے کی اجازت دی گئی ہے۔