خیبر پختونخوا حکومت کا ادیبوں، شعرا اور فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے ادیبوں، شعرا اور فنکاروں کی مالی معاونت کا احسن فیصلہ کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق دس سال تک کسی بھی ریڈیو، ٹیلی ویژن ، فلم ڈرامے ،یا میوزک میں کام کرنے والوں کو امداد کا حقدار تصور کیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق اُن مصّوروں کو بھی اس امداد کا حقدار قرار دیا جائیگا جنکی کم ازکم پچاس پینٹنگز ملک کی کسی بھی آرٹ گیلری میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہوں جبکہ ادیب اور شعرا کو بھی اس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے ۔

قانون سازی کے بعد اسپورٹس اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ کے تحت اسکے لیے باقائدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جسکے چیئرمین وزیر ثقافت ہوں گے۔ ان کے ساتھ کمیٹی کے ارکان فنکار برادری سے لیے جائیں گے۔

 ذرائع کے مطابق فنکاروں ادیبوں اور شعرا وغیرہ کی مالی معاونت کے لیے صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر پانچ سو ملین روپے سے فنڈز قائم کیا ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے قائم کردہ انڈومنٹ فنڈز سے تمام مستحق فنکاروں کی مدد کی جائے گی نہ صرف علاج معالجے بلکہ روز مرہ کے اخراجات سے نمٹنے کے لیے بھی انکی مدد کی جائے گی۔

فنکار برادری کے مسائل کو سامنے لانے کے لیے صوبے میں تین تنظیمیں ہیں جنکے مطابق صوبے میں فنکاروں کی تعداد ہزاروں میں ہے جن میں زیادہ تر کو مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔