پشاور:ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کے مطابق یورپی فرم نے پی آئی سی کے مختلف شعبہ جات کے جائزہ کے بعد عالمی فہرست میں نامزد کرنے کا فیصلہ کیاجس کے بعد پی آئی سی سرٹیفکیشن کے لیے نامزد ہونے والا پاکستان کا پہلا سرکاری ہسپتال بن گیا۔
ہسپتال ترجمان رفعت انجم کے مطابق گزشتہ ہفتے یورپی آڈٹ فرم نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا،جن کی ٹیکنیکل ٹیم نے ہسپتال کے مختلف ڈیپارٹمنٹس،سہولیات،طبی آلات، ملازمین کے حقوق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے طریقہ کار سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا جس میں ہسپتال کو بہترین قرار دیا گیا۔
ہسپتال ترجمان کے مطابق پی آئی سی کو پاکستان کا پہلا سرکاری ہسپتال ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے جسے عالمی معیار کے مطابق ہونے کی بنیاد پر آئی ایس او 9001-2015 سرٹیفکیٹ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پی آئی سی کی نامزدگی ہسپتال کے عملے کے لیے تاریخی لمحہ ہے، ہسپتال کو بین الاقوامی معیار کی فہرست میں شامل کرنے میں ہسپتال عملے کی دن رات انتھک محنت کارفرماہے۔