پشاور:خیبرپختونخوا حکومت کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سیاحت و ثقافت کی ترقی اور نئے پراجیکٹس کو ایکسپو کی تھیم کے مطابق بہترین انداز میں پیش کیاگیا جس سے سرمایہ کاروں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی فرمز نے8بلین ڈالرز پر مشتمل 44 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی ایکسپو 2020 میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے منعقدہ خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔
تیمور سلیم جھگڑا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات اور مواقع زیادہ ہیں۔ انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کا پراجیکٹ لارہے ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت انٹرنیشنل ٹورازم کو صوبے میں لانے اور اس کے فروغ کیلئے تیار پراجیکٹس کو ایکسپو میں پیش کرکے سرمایہ کاری لا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا پاکستان کاواحد صوبہ ہے جس نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کیساتھ مل کر اپنی وسائل سے پہلا موٹر وے پراجیکٹ سوات مکمل کیا،ہائیڈروڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
سوات کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے موٹر وے بنانے جا رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں رشکئی سپیشل اکنامک زون پاکستان میں برآمدات کا مرکز بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ سنٹرل ایشیاء کیساتھ فارن ایکس چینج میں یہ مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے وژن کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرائیویٹ سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا لارہے ہیں۔ صوبے میں انفراسٹرکچر اور ٹورازم سیکٹر کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہاکہ صوبے میں سیاحت، انرجی اینڈپاوورسمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ایکسپو میں صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی فرمز کو بہترین انداز میں پراجیکٹس پیش کئے گئے۔
مفاہمتی یادداشت کے بعد ٹیکنیکل ٹیم کی بدولت ان فرمز کو صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے جلد از جلد لایا جائے گا۔ صوبے میں بجلی کے منصوبے لگانے کی کافی گنجائش موجود ہے۔
متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفیر ایچ ای افضال محمود نے کہاکہ پاکستان پویلین میں خیبرپختونخوا حکومت نے بہترین انداز میں اپنے پراجیکٹس پیش کئے جو صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے مددگار ثابت ہونگے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہاکہ حکومت ایڈمنسٹریشن سطح پر ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ہم ایکسپو میں ان پراجیکٹس کو لیکر آئے ہیں جن کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہیں ان میں صرف سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاحت، پاوور اینڈانرجی، زراعت، لائیوسٹاک سمیت کئی شعبے ہیں جن میں سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کرکے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکومت ون ونڈوسمیت کئی سہولیات سرمایہ کاروں کو فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔تقریب سے ڈی جی ٹوارزم اتھارٹی کامران آفریدی، سی ای او بورڈ آف انوسٹمنٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔