دبئی کانفرنس؛ خیبر پختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاری حوالے بڑی کامیابی

دبئی میں خبیرپختونخوا سرمایہ کاری کانفرنس(لینڈ آف گروؤننگ اپورچونٹیز) میں صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعے سیاحت کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی تعمیر سمیت مفاہمت کی 44 یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

خیبر پختونخوا کے حوالے سے ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں متحدہ عرب امارات، چین اور پاکستانی بزنس گروپس نے صوبے میں سیاحتی زونز، اسپیشل اکنامک زونز اور صنعتی شہروں میں سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا۔

کے پی بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سی ای او ڈاکٹر حسن داؤد بٹ کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں سیاحت، سولر انرجی، انرجی اینڈ پاور، لائیو اسٹاک، انفرا اسٹرکچر اور واٹر اسپورٹس سے متعلق پروجیکٹس نے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کر کے 10 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے سرمایہ کاروں کو بہترین مالی فوائد کے لیے صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ کے پی بین الاقوامی سطح پر سیاحت کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سیاحت کے فروغ کے لیے سوات ائیر پورٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت پشاور اسلام آباد موٹر وے پر خیبر پختونخوا انٹرنیشنل ائیرپورٹ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کلچر شوکت یوسفزئی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ان مفاہمت کی یاداشتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پختونخوا افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کو تجارت کے لیے راہداری فراہم کرے گا اور پرامن افغانستان سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کرے گا۔

یو اے ای میں پاکستانی سفیر افضل محمود نے کے پی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے دبئی ایکسپو میں شرکت کر کے شاندار انداز میں اپنے پراجیکٹس کو پیش کیا جو صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے مفید ثابت ہو گا۔