درہ آدم خیل، بارودی مواد پھٹنے سے ایک خاندان کے 5افراد جاں بحق

کوہاٹ:کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے دوراْفتادہ پہاڑی علاقے جواکی میں بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں ہونے والے خوفناک دھماکہ میں تین کمسن بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق مانسہرہ سے بتایاجاتا ہے۔

 مقامی ذرائع اور پولیس  کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کے روز دوپہر کے وقت قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے دوراْفتادہ پہاڑی علاقے جواکی میں پیش آیا جہاں مبینہ طورپر نصب بارودی سرنگ کے ساتھ ٹکرانے سے خوفناک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پرجاں بحق ہوگئے۔

 پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد میں تین کمسن بچے شامل ہیں جن کی عمریں 12 سے 3 سال کے درمیان ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ شہری اور26 سالہ خاتون میاں بیوی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔

 پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے اور واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔

ادھر مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مشہورعلاقائی پہاڑی گلوتنگی میں پیش آیا ہے۔ فوری طورپر مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔