افغانستان کے حالات کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کی لہر آئی ہے، پرویز خٹک

نوشہرہ: وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد وں کو ملک کا امن تباہ نہیں کرنے دینگے،سیکورٹی پالیسی کی منظوری پاکستان میں امن و امان کی ضامن ہے۔

افواج اور سیکورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف ہائی الرٹ ہیں۔ملک میں بہت قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے کسی کو امن تباہ کرنے نہیں دیں گے۔

افغانستان کے حالات کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کی لہر آئی ہے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق ادارے عمل پیرا ہیں۔دہشت گردوں کا سرکچل کردم لیں گے۔ 

حکیم آباد نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا اس سے دوچار ہیں۔عمران خان کی پالیسوں سے جلد عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا۔

 بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا میں کلین سویپ کریں گے۔تحریک انصاف کی تنظیم سازی کررہے ہیں ووکرز کی کوششوں سے 2023کے عام انتخابات میں سندھ سمیت پورے ملک میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مسلسل پروپیگنڈہ کررہی ہیں کہ تحریک انصاف کی مقبولیت گررہی ہے خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف کو شکست ہوئی جو کہ کھلا جھوٹ ہے تحریک انصاف نے بلدیاتی الیکشن میں سب جماعتوں سے زیادہ ووٹ حاصل کئے اور سب سے زیادہ ممبران اور تحصیل میئر منتخب ہوئے تمام اپوزیشن جماعتیں صفر ہوکر رہ گئیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان عام آدمی کو مہنگائی اور مشکلات سے نکالنے کے لیے دن رات کام کررہا ہے جلد عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل جائیگا۔انہوں نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے کرپشن کرنے والوں کو نشان عبرت بنادیں گے