پشاور:خیبرپختونخوا حکومت کے فلیگ شپ منصوبے سوات موٹروے فیز ٹو کی تعمیر کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی اور نجی تعمیراتی کمپنی کے مابین معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاوس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان تھے۔
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش کے علاوہ محکمہ منصوبہ بندی، مواصلات اور پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے متعلقہ حکا م نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
80 کلومیٹر طویل سوات موٹروے کی تعمیر پر 58 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے جس میں زمین کی خریداری کے لئے رقم بھی شامل ہے۔ یہ موٹروے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چکدرہ انٹرچینج سے مدین فتح پور تک تعمیر کیا جائے گا۔
یہ موٹروے ابتدائی طور پر چار لینز پر مشتمل ہو گا تاہم مستقبل میں اس کو چھ لینز تک توسیع دینے کی گنجائش موجود ہو گی۔اس موٹروے پر 9 انٹرچینجز تعمیر کئے جائیں گے جن میں چکدرہ، شموزئی، بری کوٹ، مینگورہ، کانجو، مالم جبہ‘یونیورسٹی آف سوات، شیر پالم، مٹہ خوازہ خیلہ اور مدین فتح پور انٹر چینج شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت دریائے سوات پر مختلف مقامات پر آٹھ پل تعمیر کئے جائیں گے۔ مختلف مقامات پر چار ریسٹ ایریاز کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے جبکہ ضرو رت کی بنیاد پر لنک ہائی ویز بھی تعمیر کی جائیں گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سوات موٹروے کو علاقے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوات موٹروے فیز ٹو کی تعمیر سے علاقے میں سیاحتی، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے علاوہ لوگوں کو آمدورفت کی معیاری سہولیات میسر ہوں گی اور مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔
اْنہوں نے کہاکہ سوات موٹروے فیز ٹو پر عملی کام کا آغاز کرنے کیلئے زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے اور بہت جلد اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے تمام اضلاع کو شاہراہوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کرنے کرنے کیلئے موٹرویز کے کئی اہم منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ان موٹرویز کی تعمیر سے یہ صوبہ ملکی اور غیر ملکی تجارت کا مرکز بن جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں موٹرویز کی تعمیر کے سلسلے میں ایک اور اہم پیشرفت کے طور پر دیر موٹروے کی تعمیر کیلئے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔
اس موٹروے کی تعمیر سے دیر، چترال اور باجوڑ کے عوام کو بہتر سفری سہولیات دستیاب ہوں گی اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔