ہم تو نہ ہارن دیتے ہیں اور نہ کوئی ہمیں راستہ دیتا ہے۔اگر خود راستہ نکال لیا تو نکال لیا۔ وگر نہ آگے جانے والے کسی راہگیر کسی گاڑی والے کی بلا کو بھی پروا نہیں ہوتی۔ میں نے زندگی میں بہت کم ہارن بجایا ہے۔کیونکہ میں اس کو سخت برا سمجھتاہوں۔ کیونکہ میں شور کو برا سمجھتا ہوں۔مجھے اگر پیچھے سے آنے والا ہارن دے میں اس ہارن کو فضول کی حرکت سمجھتا ہوں۔ کیونکہ کوئی بڑی شاہراہ کیوں نہ ہو میری زیادہ سے زیادہ چالیس رفتارہے۔ پچھلی سواری کی بار بار کی ضد ہوتی ہے کہ ہارن دو نا ان کو۔ان کی سن تولیتا ہوں مگر اپنی سی کرتا ہوں۔ دل میں کہتا ہوں نہیں۔کیونکہ آگے جانے والے ہم سے انسان ہوتے ہیں۔ کوئی بوڑھاپھرخواتین اور بچے ساتھ ہوتے ہیں۔سو ہم چاہتے ہیں کہ انھیں ہمارے وہاں ہونے کا علم بھی نہ ہو اور ہم چپکے سے سائیڈ مار کر نکل جائیں۔ پھر ہوتا بھی تو ایسا ہی ہے۔مستری سے موٹر سائیکل ٹھیک کروایا تو ٹرائی کے لئے اسی سے کہا کہ تم خود چلا ؤ اور میں پیچھے بیٹھ کر معائنہ کروں گا۔ میں کیا پیچھے براجمان ہوا کہ اس نے سپیڈ میں گاڑی چلا دی او راوپر تلے ہارن بجانے لگا۔خواتین کا غول تھا جو آگے جارہا تھا۔پھر کہیں بچے اپنے سے کھیل کھیلنے میں مصروف تھے۔ اس نے ہارن پر ہاتھ رکھا تو ہٹانے کانام ہی نہیں لے رہا تھا۔ میں نے کہا تم تو بہت زیادہ ہارن بجاتے ہو۔ کہنے لگا یہ آپ بیٹھے ہیں۔اس لئے مجھے لاج آ رہی ہے۔ وگرنہ میں اکیلا ہوتا ہوں تو زور زبردستی راستہ لیتا ہوں۔ جب وہ اپنی دکان کی طرف واپس مڑا تو اب میں خودبائیک چلانے لگا۔میری رفتار دیکھ کر اس نے افسوس کا اظہار کیا۔ میں نے باتوں باتوں میں پوچھا تم دکان کیلئے روز چارسدہ آتے جاتے ہو۔بیٹا ذرا خیال سے جایا کروسردریاب کے بعد سڑک بہت کشادہ او رہیوی ہو جاتی ہے۔مزید پوچھا کتنی دیر میں پہنچ جاتے ہو۔کہنے لگا ایک گھنٹہ میں۔لیکن اگر آپ جیسی رفتار سے گیا تو دوگھنٹے۔ میں ہنسا اور دل میں کہا جوان خون ہے اس کو سمجھانا وقت کا ضائع کرنا ہے۔ مگر سمجھا لینا ہی اچھا ہے۔مجھے اگر کوئی ہارن دے کر راستہ لینے کی کوشش کر ے تو مجھے تپ چڑھ جاتی ہے۔اگر مجھ سے جیسے بھلے مانس آدمی سے بھی آپ کو راستہ چاہ ئے تو مطلب یہ کہ آپ زیادتی کر رہے ہیں۔ کیونکہ نیاز مند تو ڈر کے مارے سڑک کے انتہائی بائیں جانب محوِ سفر ہوتا ہوں۔اس کا دوسرا مطلب یہ ہوا کہ آپ جناب بہت زیادہ برق رفتاری سے آ رہے ہیں۔ایسا ہی ہوتا ہے یہ نوجوان اورکچھ تو اس قبیلے میں بوڑھے بابے بھی شامل ہیں اوور سپیڈنگ کرتے ہیں تو اس موقع پر ان کو ہارن کی ضرورت پڑتی ہے۔بعض تو خواہ مخواہ ہارن بجاتے ہیں۔پیچھے آنے والا جب مسلسل ہارن بجاتے ہوئے آگے نکلتا ہے تو معلوم ہوتا کہ غلطی کر رہا ہے۔ کیونکہ میں بھی دیکھ رہا ہوتا ہوں کہ مجھ سے آگے تو یہ ہے مگر اس سے آگے تو کوئی نہیں۔لیکن یہ شوقیہ ہارن بجانا کاہے کو ہے۔اندازہ ہوتا ہے جوانی بھی ایک چیز ہے اور پھر اس سے لنک کرتی ہوئی مستی بھی ایک اور شئے ہے۔جس کا علاج یہی ہے کہ جب اس قسم کے لوگ کہیں چوٹ کھاتے ہیں تو آئندہ کیلئے نصیحت پکڑتے ہیں۔مگر بعض تو چوٹ پہ چوٹ کے بعد کسی حادثے کا شکار ہوکر بھی سبق حاصل نہیں کر پاتے۔ ٹانگیں تڑوا دیتے ہیں۔ران میں راڈ لگ جاتے ہیں۔سال بھر بستر سے لگے رہتے ہیں لنگڑاتے ہوئے بیساکھی سے چلنا شروع کرتے ہیں۔پھر بفضلِ تعالیٰ صحت درست بھی ہوجاتی ہے۔ مگر مستی جو نہیں جاتی۔ سو وہ اپنی سی ڈگر پر اپنی عادت و خصلت کے تحت پھر اسی تیز رفتاری کو اپنا کر اپنے سابقہ حادثہ کو اپنی حاصل کردہ اعلیٰ تعلیم سمجھ کر اس پر ناز کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ٹریکٹر ٹرالیوں کو تو چھوڑیں وہ تو جیسے مسلسل ہارن بجاتی جاتی ہیں۔ان کے انجن کی آواز اپنی جگہ ہارن ہے جو بجتا ہے تورکتا ہی نہیں۔فضول کا ہارن بجانا او رپھرموسیقی کے ساتھ ہوتاہے۔اس کا مطلب نہیں کہ وہ ہارن جس میں موسیقی ہو۔یہ عام ہارن ہوتا ہے مگر ان کا بائیاں انگوٹھا جب ہارن بجاتاہے تو اس میں موسیقیت پیدا کرتا ہے۔شام کو مجھے یاد نہیں ہوتا کہ میں نے دن بھر کب ہارن بجایا تھا۔ گلی میں بچے اپنا کوئی کھیل رہے تھے۔ اچھے لگ رہے تھے۔ اس وقت ہارن بجا کر ان کے جمگٹھے کو منتشر کرکے مجھے اپنا راستہ ناپنا برا لگا۔میں آہستہ رفتار سے آگے بڑھااور ان کے درمیان میں راہ نکال کر چپکے سے آگے بڑھ گیا۔ تاکہ ان کا کھیل ڈسٹرب نہ ہو اور میری منشا ء بھی پوری ہو۔ہاں ہارن بجاتا ہو ں لیکن بہت ہنگامی حالات ہوں اس وقت یہ غلطی سرزد ہو جاتی ہے۔کیونکہ اگر ہارن بجانے کا اختیار آپ کو ملا ہے تو اس کاناجائز فائدہ نہیں لینا چاہئے۔کوئی راستہ روک کر ہی وہاں کھڑا رہ جائے تو ہارن تو چھوڑ اس کو منہ سے بھی آواز دینا پڑتی ہے۔اے بھائی راستہ دینا۔مگر بعض تو منہ سے بھی الارم دینے پر ٹس سے مس نہیں ہوتے۔اس وقت کسی گلی کوچے کے تنگ راستے پر ان کو کاندھے پر ہاتھ رکھ کے اپنی طرف متوجہ کرتا ہوں۔ شاید ان کے سننے کی طاقت میں خرابی ہو۔