خیبرپختونخواکے18اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ملتوی

پشاور: الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا نے پشاورہائی کورٹ ایبٹ آبادبنچ کے فیصلے کی روشنی میں صوبے کے18اضلاع میں 27 مارچ کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے ، اوربلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے لئے نامزد تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو پبلک نوٹس جاری کرنے سے روک دیاہے، 

پشاورہائی کورٹ ایبٹ آبادبنچ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں خیبرپختونخوا 
میں دوسرے مرحلے میں صوبہ کے تمام 18 اضلاع میں 27مارچ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات روکنے کا حکم دے دیااورانتخابا ت کے انعقاد کے حوالے سے20جنوری کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے الیکشن شیڈول کو کالعدم قرار دے دیاگیا۔ 
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ برف باری کے باعث بلدیاتی انتخابات مکمن نہیں جس سے بڑی تعداد میں لوگ حق رائے دہی سے محروم ہوجائیں گے، فیصلے میں چیف الیکشن کمشنر ہدایت کی گئی کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد مکمل کیاجائے،او راس مقصدکے لئے مئی میں انتخابی شیڈول جاری کیا جائے،

عدالت کے اس فیصلے کی روشنی میں صوبائی الیکشن کمشنرنے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے نامزد تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے نام مراسلہ جاری کردیا جس میں ایبٹ آباد بنچ کے فیصلے کا حوالے دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ عدالت سمجھتی ہے کہ صوبے کے 18اضلاع اورکزئی ،کرم ،شمالی وزیر ستان،جنوبی وزیرستان ، سوات ،ملاکنڈ ،شانگلہ ،لوئر دیر ،اپر دیر ،چترال لوئر، چترال اپر ،ایبٹ آباد ، مانسہرہ، بٹ گرام تور غر ،کوہستان اپر ،کوہستان لوئر اور کولائی پالس میں موجودہ صورت حال میں شفاف ،آزادانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ، 
عدالت نے حکم دیاہے کہ ان اضلاع میں رمضان کے بعد یاحالات معمول پر آنے کی صورت میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔