سڈنی: آسٹریلیا نے کورونا وبا کے باعث سیاحوں کے لیے 2 سال قبل بند کی گئیں سرحدیں کھولنے کا اعلان کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا نے آئندہ دو ہفتوں میں ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے سیاحوں کے لیے ملکی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
آسٹریلیا نے مارچ 2020 میں کورونا کے باعث آسٹریلیا آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔
اس حوالے سے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آئندہ دو ہفتوں میں تعطیلات گزارنے کے لیے آنے والے تمام غیر ملکی سیاحوں کو آسٹریلیا میں خوش آمدید کہیں گے۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے زیرو کورونا پالیسی کے تحت ملک میں سخت پابندیاں عائد کر رکھی تھیں اور گزشتہ دو سال سے غیر ممالک میں مقیم آسٹریلوی شہریوں کو بھی وطن واپسی کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
کورونا کی نئی شکل اومیکرون کے دنیا میں غیر معمولی پھیلاؤ کے سبب وزیراعظم اسکاٹ موریسن کورونا سے متعلق اپنی زیرو کورونا پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔