پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بیٹے کی خواہش رکھنے والی خاتون جہالت کی انتہا کا شکار ہوگئی، جعلی پیر نے حاملہ عورت کے سر میں کیل ٹھوک دی۔
پشاور سے تعلق رکھنے والی خاتون کے سر میں جعلی عامل نے کیل ٹھوک دی، متاثرہ عورت کو بیٹے کی پیدائش کا جھانسہ دے کر ملزم نے انسانیت سوز سلوک کا نشانہ بنایا، زخمی خاتون کو علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا گیا۔
ہسپتال کے نیوروسرجن ڈاکٹر حیدر نے بتایا کہ کیل ٹھوکنے کے باعث حاملہ خاتون کے سر میں شدید چوٹ آئی تاہم کیل کو سرجری کرکے نکال لیا گیا ہے۔
ڈاکٹر حیدر کا کہنا ہے کہ خاتون کو جعلی پیر نے بیٹے کی پیدائش کا کہہ کر سر میں کیل ٹھوکی، متاثرہ عورت کے شوہر کو بیٹیاں پسند نہیں ہیں۔
دوسری جانب کیپٹل سٹی پولیس افسر(سی سی پی او) عباس احسن نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور ایس پی سٹی عتیق شاہ کو متاثرہ خاتون اور مبینہ جعلی عامل کا سراغ لگانے کی ہدایت کردی۔
ایل آر ایچ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کو چند روز قبل طبی امداد کی خاطر لایا گیا جہاں سرجن ڈاکٹر عاصم نے خاتون کو طبی امداد فراہم کی۔
سی سی پی او نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کو واقعہ سے لاعلم رکھا تھا، سوشل میڈیا کے ذریعے خبر وائرل ہونے پر انکوائری کی ہدایت کی گئی ہے، جلد اصل ملزم کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا جائے گا۔