اہلیہ کے سر میں کیل پیر نے نہیں جنات نے ٹھونکی،متاثرہ خاتون کے شوہرکا دعویٰ

پشاور:خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے افسوسناک واقعے میں نیا موڑ سامنے آیا ہے اور متاثرہ خاتون کے شوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ اہلیہ کے سر میں کیل پیر نے نہیں بلکہ جنات نے ٹھونکی ہے۔

پشاور میں ایس ایس پی آپریشن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے شوہر احمد صابر کا کہنا تھا کہ میری بیوی نفسیاتی مریض ہے، اور اس کے سر میں کیل کسی پیر نے نہیں بلکہ جنات نے ٹھونکی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتانا تھا کہ خاتون کے سر پر کیل ٹھوکنے کا واقعہ 8 فروری کو میڈیا پر سامنے آیا، اسپتال سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی اور فوٹیج سے رکشے کی شناخت کی گئی۔

ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ اسپتال ریکارڈ میں خاتون کا نام بازگلہ تھا، خاتون کے شوہر تک رسائی حاصل کی گئی، ابتدائی تفتیش میں پتا چلا ہے کہ خاتون کو نفسیاتی مسئلہ ہے، خاتون ذہنی مریضہ ہے اور اس نے خود کو زخمی کیا، 2017 میں بھی خاتون ماہر نفسیات کے پاس زیر علاج تھی۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کا شوہر صابر متواتر اپنی بیوی کا میڈیکل چیک اپ کرا رہا ہے۔

متاثرہ خاتون کے شوہر احمد صابر نے میڈیا کو بتایا کہ بیوی کی دماغی حالت ٹھیک نہیں ہے، جنات نے میری بیوی کے سر میں کیل ٹھوکی ہے۔

احمد صابر نے کہا کہ میں گھر پر موجود نہیں تھا جب آیا تو بیوی کے سر میں کیل تھی، خاتون سے دوسری شادی کی ہے اور ہمارے بچوں کی تعداد 11 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیوی کو متعدد بار ڈاکٹر کے پاس لے کر گیا لیکن مسئلہ جنات کا ہے، اس سے قبل بھی میری اہلیہ کو تیسری منزل سے جنات نے پھینکا تھا۔

ترجمان پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور اس کے شوہر کا ماہر نفسیات سے میڈیکل چیک اپ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔