پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کے پہلے مرحلے (ستائیس جنوری سے سات فروری) کے درمیان بارہ دنوں میں چھ ٹیموں کے درمیان کل پندرہ مقابلے ہوئے۔ ہر ٹیم نے دیگر ٹیموں کے خلاف ایک‘ ایک میچ کھیلا اور یوں ہر ٹیم نے کل پانچ پانچ میچز کھیلے۔ اِس مرتبہ دفاعی چیمپئن ’ملتان سلطانز‘ جذبے اور دلچسپی کے لحاظ سے کافی سرگرم دکھائی دے رہے ہیں جنہوں نے اپنے پہلے مرحلے کے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور دس پوائنٹسں کے ساتھ سرِفہرست ہیں جبکہ کراچی کنگز بدقسمتی سے اپنے ہوم گراونڈ پر کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی۔ اِس مرتبہ لاہور ’قلندرز‘ نسبتاً اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور پانچ میں سے تین میچ جیت چکے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی تین میچوں میں فتح حاصل کی ہے۔ یوں ان دونوں نے چھ چھ پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ دو مرتبہ پی ایس ایل ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ قلندرز وہ واحد ٹیم ہے جس نے اب تک کوئی بھی ٹورنامنٹ نہیں جیتا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے اس مرحلے میں دو میچز جیت کر چار چار پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں۔ملتان سلطانز نے اپنے پہلے میچ میں میزبان کراچی کنگز کو سات‘ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کو پانچ اور تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ رنز سے شکست دی جبکہ چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیس رنز اور آخری میچ میں پشاور زلمی کو ستاون رنز سے مات دی۔ ملتان نے تین مرتبہ دوسو سے زائد رنز بنائے ہیں اور اس نے پشاور زلمی کو ستاون رنز سے شکست دی‘ جو جاری مقابلوں میں اب تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے رنز کے لحاظ سے سب سے بڑے فرق سے جیت ہے۔ یونائیٹڈ نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کے خلاف نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کے مقابلے سے بیس رنز سے شکست کھائی۔ اگلے میچ میں اس نے گلیڈی ایٹرز کو 43رنز سے ہرایا۔ اس میچ میں یونائیٹڈ نے چار وکٹوں کے نقصان پر دوسواُنتیس رنز بنائے جو سیزن میں اب تک کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اور پی ایس ایل کی تاریخ کا چوتھا بڑ اسکور ہے۔ چوتھے میچ میں قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ رنز سے شکست دی اور پھر پانچویں میچ میں یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو بیالیس رنز سے ہرایا۔ قلندرز کی ٹیم اب تک تو پی ایس ایل کا کوئی بھی ایڈیشن نہیں جیت سکی لیکن موجودہ ٹورنامنٹ میں اس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لاہور قلندرز نے پہلے مرحلے میں پانچ میں سے تین میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پہلے میچ میں قلندرز نے سلطانز کے خلاف پانچ وکٹوں سے شکست کھائی اور پھر اگلے تینوں میچ جیت لئے تاہم آخری میچ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سات وکٹوں سے ہار گئے۔ گلیڈی ایٹرز نے پہلے مرحلے میں دو میچ جیتے اور تین ہارے ہیں۔ پشاور زلمی نے بھی پانچ میچوں میں سے دو جیتے اور تین میچ ہارے۔ کنگز اپنے پانچوں میچوں میں شکست کھا چکی ہے۔ پی ایس ایل کے ابتدائی پندرہ میچوں میں متعدد کھلاڑیوں کی شاندار انفرادی کارکردگی نظر آئی ہیں جبکہ مجموعی طور پر دو سنچریاں اور اٹھائیس نصف سنچریاں بنائی گئیں ہیں۔ یہ سنچریاں گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور فخرزمان نے بنائی ہیں۔ سب سے زیادہ چھکے سلطانز کے ٹم ڈیوڈ نے لگائے ہیں‘ جنہوں نے پانچ اننگز میں پندرہ چھکے لگائے ہیں۔ ان کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کا نمبر ہے جنہوں نے چار اننگز میں چودہ چھکے لگائے ہیں اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں میں تیسرا نام لاہور قلندرز کے فخر زمان کا ہے جنہوں پانچ اننگز میں تیرہ چھکے لگائے ہیں۔ سیزن سیون کا دوسرا مرحلہ قذافی سٹیڈیم (لاہور) میں شروع ہوچکا ہے جس میں لیگ کے بقیہ پندرہ میچز کھیلے جائیں گے۔ ان گروپ میچوں کے علاوہ اسی مقام پر کوالیفائر‘ دونوں ایلیمنیٹر اور فائنل بھی کھیلے جائیں گے اور یہ لیگ ستائیس فروری کو اختتام پذیر ہوگی۔