پشاور میں ایک روز قبل بیوہ ہونیوالی خاتون دیور کے ہاتھوں قتل 

پشاور:خیبرپختونخوا کے درالحکومت پشاور میں ایک روز قبل بیوہ ہونیوالی خاتون کو اس کے دیور نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ملزم قتل کی واردات کے بعد فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سید احمد خان ولد سید امیر جان نے تھانہ گلبہار پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کا داماد عمرولد ماصل خان سکنہ شیخ آباد ایک روز قبل انتقال کرگیا ہے۔

وہ فاتحہ خوانی کیلئے خٹک چوک میں موجود تھا کہ اس دوران اس کو اطلاع ملی کی اس کی بیٹی مدینہ بی بی پر اس کے دیور عبدالباسط ولد ماصل خان نے فائرنگ کردی ہے۔

وہ جب گھر آیا تو اس کی بیٹی خون میں لت پت پڑی تھی جسے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

 پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی،قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔