عمرامین گنڈا پوراورشاہ محمد وزیر کو ریلیف، مامون الرشید کی نااہلی برقرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما عمر امین گنڈا پور اور خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی کو کالعدم قرار دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں عمر امین گنڈا پور، شاہ محمد، علی امین گنڈا پور اور مامون الرشید کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے نماز کے بعد سنایا۔

عدالت نے ڈیرہ اسماعیل خان کے میئر شپ کے الیکشن کے لیے پی ٹی آئی رہنما کو الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دیا اور ان کی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ محمد کی بھی نااہلی کو کالعدم قرار دیا۔

عدالت نے بکاخیل سے پی ٹی آئی امیدوار مامون الرشید کی نااہلی کو برقرار رکھا جس کے بعد وہ تحصیل چیئرمین کا الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔

عدالت نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف الیکشن کمیشن کا فیصلہ بھی برقرار رکھا جس میں الیکشن کمیشن نے ان کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی لگائی تھی۔