پشاور: گاڑی سے برآمد جلی ہوئی لاش کا معمہ،دوران تفتیش افسوسناک انکشاف

پشاور پولیس نے گاڑی سے برآمد جلی ہوئی لاش کی شناخت کر لی۔ پولیس کے مطابق لاش ایڈوکیٹ طائف خان کی تھی جسے اس کے سگے بھائی اور بہنوں نے جائیداد کیلئے قتل کیا،اور واردات چھپانے کیلئے لاش کو گاڑی میں ڈال کر آگ لگائی گئی۔

پشاور پولیس کے مطابق 5 فروری کو تھانہ انقلاب کی حدود میں اسکیم چوک کے قریب ایک گاڑی سے جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ جلی ہوئی لاش ایڈوکیٹ طائف خان کی تھی جسے اس کے بھائی اور بہنوں نے جائے وقوعہ پر بلاکر قتل کرنے کے بعد جلا دیا تھا، بہن بھائیوں کا آپس میں جائیداد کی لین دین کا تنازع تھا۔

پولیس نے ایڈوکیٹ کے مبینہ قتل کے شبہے میں مقتول کی بھتیجی اور بھابھی کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار خواتین نے مقتول وکیل کو بہانے سے جائے وقوعہ پر بلایا تھا، واردات چھپانے کی خاطر وکیل کی لاش کو گاڑی میں ڈال کر  آگ لگائی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزمان بھائی اور بہن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔