ڈی آئی خان، تبلیغی جماعت کی گاڑی کو المناک حادثہ، 4افراد جاں بحق، 19زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ اسماعیل خان میں تبلیغی جماعت کی گاڑی المناک حادثے کا شکار ہوگئی،4افراد جاں بحق،19 زخمی ہوگئے،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

 بلوچستان سے خیبرپختونخوا آنے والی تبلیغی جماعت کی مزدا گاڑی سب ڈویژن درازندہ کے علاقہ پرواڑہ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں عطاء الرحمٰن ولد رضاخان سکنہ چارسدہ،منیر احمد ولد فاضل احمد سکنہ چارسدہ،محمد دلددار ولد بنی بخش سکنہ خان پور رحیم یار خان سمیت چار موقع پرہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 19 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو1122 کی امدادی ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کاروائی شروع کردی،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا،زخمیوں میں سے 3کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

گاڑی میں سوار مسافروں کا تعلق ملک کے مختلف شہروں سے بتایاگیا ہے۔تبلیغی جماعت سبی اجتماع سے واپس آرہی تھی۔

دریں اثناء وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈی آئی خان کے علاقہ درازندہ میں تبلیغی جماعت کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں چار افراد کے جاں بحق ہونے پردلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ ڈی آئی خان کو حادثے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔