خیبرپختونخوا حکومت محکمہ صحت کیساتھ کیا کھیل کھیل رہی ہے؟ پشاور ہائیکورٹ برہم

 پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی کارکردگی پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا میں محکمہ صحت کی کارکردگی ابتر ہے۔

 ڈائریکٹریٹ کے اہم عہدوں پر ایسے افسران کی تقرری کی جارہی ہے جو حالات سے نمٹنے کے اہل نہیں۔آئے روز محکمہ صحت کے معاملات سدھرنے کی بجائے بگڑتے جارہے ہیں۔

چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا کہ پتہ نہیں حکومت اس عوامی محکمے کے ساتھ کیا کھیل کھیل رہی ہے، افسوس کا مقام ہے کہ ہسپتالوں میں لوگوں کی صحت کے لئے کام کرنے کی بجائے لوگوں کے لئے مسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔

 ڈی جی ہیلتھ کی اہم پوسٹ پر پسند نا پسند کی بنیاد پر تعیناتی کی جارہی ہے، یہی حالات رہے تو یہ محکمہ مزید ابتری کی طرف جائے گا۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سید سکندر حیات شاہ نے بتایا کہ نئے ڈائریکٹر جنرل تقرری کی جارہی ہے، آئندہ چند روز میں مستقل ڈی جی کو تعینات کیا جائے گا۔