پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے بدھ کے روز معروف عالم دین مولانا طار ق جمیل نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی جس میں صوبے میں دینی تعلیم، خدمت دین، لوگوں کی کردار سازی اور معاشرتی اصلاح سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تبلیغ اسلام کے حوالے سے مولانا طارق جمیل کی خدمات اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام اور مبلغین دین قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور کسی بھی معاشرے کی اصلاح اور لوگوں کی کردار سازی میں علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ مولانا طارق جمیل جیسے علمائے کرام سے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر رہنمائی حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں اورعلمائے دین کے ساتھ نشست کو اپنے لئے اعزا ز سمجھتے ہیں۔
اُنہوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہو کر ہی ایک فلاحی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں علمائے دین کا کردار سب سے اہم ہے۔
مولانا طارق جمیل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحت کار ڈ سکیم خیبرپختونخوا حکومت کا ایک بڑا فلاحی اور غریب دوست منصوبہ ہے اور اس طرح کے منصوبے دیگر صوبوں میں بھی شروع کرنے چاہئیں تاکہ فلاحی ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔
بعدازاں مولانا طارق جمیل نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے اہلکاروں سے ایک اصلاحی خطاب بھی کیا۔